لاہور میں اداکارہ زرین پر تشدد اور دھمکیوں کا الزام، ایک ملزمہ گرفتار
لاہور کے علاقے ڈیفنس میں اداکارہ زرین پر مبینہ تشدد اور دھمکیاں دینے کے مقدمے میں پولیس نے ایک ملزمہ کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق اداکارہ کی درخواست پر تھانہ ڈیفنس سی میں مقدمہ درج کیا گیا۔ درخواست میں زرین نے حارث اور کوکب نواز نامی افراد پر تشدد کرنے اور دھمکیاں دینے کے الزامات عائد کیے تھے۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزمہ کوکب نواز کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار ملزمہ کو مزید تفتیش کے لیے پولیس کے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے بھی پولیس ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، جو مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔