لاہور میں میٹرک امتحانات کے نتائج میں ری چیکنگ کی درخواست نے طالبہتیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب

لاہور میں میٹرک امتحانات کے نتائج کی ری چیکنگ نے ایک طالبہ کی پوزیشن تبدیل کردی، جہاں دو اضافی نمبر ملنے کے بعد وہ لاہور بورڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئیں۔

ماڈل ٹاؤن کے ایک نجی تعلیمی ادارے سے تعلق رکھنے والی طالبہ عافیہ نعیم نے ابتدائی نتائج میں ایک ہزار 187 نمبر حاصل کیے تھے۔ تاہم نتائج کی دوبارہ جانچ کے لیے درخواست دینے کے بعد ان کے نمبروں میں مزید 2 نمبر شامل کردیئے گئے۔

لاہور بورڈ کے مطابق امتحانی پرچے کی جانچ کے دوران ایک حصے کے دو نمبر نشان زد ہونے سے رہ گئے تھے۔ ری چیکنگ کی درخواست موصول ہونے کے بعد اس معاملے کا دوبارہ جائزہ لیا گیا اور غلطی کی نشاندہی ہوگئی۔

بورڈ سے باضابطہ رجوع کے بعد عافیہ نعیم کے مجموعی نمبر بڑھ کر ایک ہزار 189 ہوگئے۔ اضافی نمبروں کے بعد وہ میٹرک امتحانات میں لاہور بورڈ کی تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔

طالبہ کی اس نمایاں کامیابی کے اعزاز میں لاہور بورڈ کی جانب سے ایک تقریب منعقد کیے جانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے، جس میں ان کی تعلیمی کارکردگی کو سراہا جائے گا۔