لاہور سے لاپتا لڑکی ساہیوال سے بازیاب، نوجوان گرفتار
لاہور سے مبینہ طور پر اغوا ہونے والی لڑکی کو پولیس نے ساہیوال سے بازیاب کرلیا، جبکہ اس کے ساتھ موجود نوجوان کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق لڑکی کے اہلخانہ نے تھانہ نصیر آباد میں اغوا کا مقدمہ درج کرایا تھا۔ تفتیش کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ لڑکی اپنی مرضی سے ایک نوجوان کے ساتھ لاہور سے روانہ ہوئی تھی۔
پولیس نے مختلف ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات اور لوکیشن ٹریسنگ کی مدد سے دونوں کو ساہیوال میں تلاش کرلیا، جہاں سے لڑکی اور نوجوان کو تحویل میں لیا گیا۔
پولیس کے مطابق لڑکی نوجوان کے ہمراہ لاہور سے کراچی جانے والی ٹرین میں سوار ہوئی تھی، تاہم دونوں کے پاس کرایہ موجود نہ ہونے کے باعث ٹرین انتظامیہ نے انہیں ساہیوال ریلوے اسٹیشن پر اتار دیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے دونوں کی موجودگی کا سراغ لگایا گیا اور بعد ازاں کارروائی کرتے ہوئے انہیں ساہیوال سے تحویل میں لے لیا گیا۔
بازیاب ہونے والی لڑکی کو ضروری کارروائی کے بعد اس کے والدین کے حوالے کردیا گیا، جبکہ نوجوان کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔