لاہور میں ایک شہری کے نام پر 2 ہزار 354 گاڑیوں کی رجسٹریشن کا انکشاف

لاہور میں ٹریفک پولیس کی جانچ پڑتال کے دوران حیران کن انکشاف ہوا ہے کہ ایک شہری کے نام پر 2 ہزار 354 موٹرسائیکلیں، رکشے اور دیگر گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں۔

ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق ہال روڈ پر جنرل ہولڈ اپ کے دوران گاڑیوں کی نمبر پلیٹوں میں ممکنہ ردوبدل کی جانچ کی جارہی تھی۔ اسی دوران ایک موٹرسائیکل کی ملکیت کی تصدیق کی گئی تو ریکارڈ سے معلوم ہوا کہ محمد عثمان نامی شہری کے نام پر مجموعی طور پر 2 ہزار 354 گاڑیاں درج ہیں۔

پولیس نے مذکورہ موٹرسائیکل کو تھانہ قلعہ گجر سنگھ منتقل کرکے بند کردیا ہے، جبکہ گاڑیوں کے اصل مالک کا سراغ لگانے کے لیے سیف سٹی حکام کو بھی مطلع کردیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق ان گاڑیوں کے خلاف اب تک 2 ہزار 813 الیکٹرانک چالان جاری کیے جاچکے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 28 لاکھ 66 ہزار 900 روپے کے جرمانے بھی واجب الادا ہیں۔ حکام کی جانب سے معاملے کی مزید جانچ کی جارہی ہے۔