لاہور میں رکشوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں کیو آر پینک بٹن کی تنصیب جاری

لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر پبلک ٹرانسپورٹ، رکشوں اور رائیڈ ہیلنگ سروسز کی گاڑیوں میں کیو آر پینک بٹن لگانے کا سلسلہ جاری ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق اب تک 40 ہزار سے زائد رکشوں، آن لائن کیبز اور پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں یہ حفاظتی سہولت نصب کی جاچکی ہے۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق شہر کے 45 مقامات پر ٹریفک اہلکاروں کی ٹیمیں کیو آر پینک بٹن نصب کرنے میں مصروف ہیں، جبکہ ہر ٹریفک سیکٹر کے لیے بھی الگ ٹیم مختص کی گئی ہے۔ رکشوں میں پینک بٹن کی تنصیب کے لیے 12 خصوصی ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں۔

سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو ضابطے کے مطابق چلانے اور مسافروں کی سکیورٹی بہتر بنانے کے لیے کیو آر پینک بٹن کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ رکشہ یونینز کی درخواست پر شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے شہر میں مزید چار لائسنس سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور میں جدید سمارٹ ٹریفک مینجمنٹ نظام کو فروغ دینے کے ساتھ گاڑیوں میں حفاظتی اور سکیورٹی ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھایا جارہا ہے۔ ان آن لائن کیب سروسز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جو مقررہ حفاظتی اور سکیورٹی فیچرز کو نافذ نہیں کریں گی۔

سی ٹی او کے مطابق آن لائن کیبز میں جدید ٹریکنگ سسٹمز کی تنصیب سے مسافروں اور ڈرائیورز کی نگرانی پہلے سے زیادہ مؤثر ہوگئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کو محفوظ، قابلِ اعتماد اور بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ٹریفک نظم و ضبط اور عوامی تحفظ میں بھی بہتری لائی جارہی ہے۔