لاہور ریلوے ورکشاپ سے ڈینگی لاروا برآمد، وزیر صحت کا متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کا حکم
وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے لاہور کی ریلوے ورکشاپ سے ڈینگی لاروا ملنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ دار افسران کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کی ہدایت کردی ہے۔
خواجہ عمران نذیر نے ڈینگی سرویلنس ٹیموں کے ہمراہ لاہور کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے ریلوے گودام اور ورکشاپ میں ہونے والی کارروائیوں کی نگرانی بھی کی، جہاں ڈینگی لاروا کی موجودگی سامنے آنے پر متعلقہ حکام کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ڈینگی کے خاتمے کے لیے اقدامات کرنا ہر متعلقہ ادارے اور شہری کی ذمہ داری ہے۔ ان کے مطابق اگر کسی تاجر یا عام شہری کے خلاف غفلت پر مقدمہ درج ہوسکتا ہے تو سرکاری افسران کو بھی قانون کے مطابق جواب دہ ہونا چاہیے۔
وزیر صحت و آبادی نے ڈینگی سرویلنس ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ نگرانی اور انسدادِ ڈینگی کی سرگرمیاں مزید مؤثر بنائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ شہریوں کو اس بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے دستیاب تمام وسائل استعمال کیے جائیں۔
خواجہ عمران نذیر نے واضح کیا کہ ڈینگی کے خلاف مہم میں کسی قسم کی لاپروائی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔