لاہور میں ریلی کے اعلان پر سکیورٹی سخت، پولیس نے متعدد کارکنوں اور وکلاء کو تحویل میں لے لیا
لاہور میں وکلاء اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے ریلی کے اعلان کے بعد پولیس نے سکیورٹی اقدامات مزید سخت کرتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ایوانِ عدل کے باہر سے بعض پی ٹی آئی کارکنوں اور وکلاء کو تحویل میں لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے ایوانِ عدل اور اس کے گرد و نواح میں اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔
صورتحال کے پیشِ نظر ایوانِ عدل کے اطراف کئی سڑکیں عام ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔ سول سیکرٹریٹ سے پی ایم جی چوک تک دونوں اطراف رکاوٹیں لگا کر راستوں کو بند کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔