لاہور میں خواتین کے خلاف جنسی جرائم میں اضافہ، اجتماعی زیادتی کے واقعات 38 فیصد بڑھ گئے

لاہور میں خواتین کے تحفظ سے متعلق اقدامات کے باوجود جنسی جرائم کے واقعات میں اضافہ سامنے آیا ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادتی اور اجتماعی زیادتی کے مقدمات کی تعداد بڑھ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سال 2025 کے پہلے آٹھ ماہ میں زیادتی کے 413 مقدمات درج ہوئے تھے، جبکہ اجتماعی زیادتی کے 26 واقعات رپورٹ کیے گئے تھے۔

اس کے برعکس رواں سال کے ابتدائی آٹھ ماہ کے دوران زیادتی کے مقدمات بڑھ کر 498 ہوگئے، جبکہ اجتماعی زیادتی کے رپورٹ ہونے والے واقعات کی تعداد 36 تک پہنچ گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں زیادتی کے مقدمات میں تقریباً 20 فیصد اور اجتماعی زیادتی کے واقعات میں 38 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

جرائم کے ان بڑھتے ہوئے اعداد و شمار نے خواتین کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات، قانون پر عمل درآمد اور جنسی جرائم کی روک تھام کی ضرورت کو ایک بار پھر نمایاں کردیا ہے۔