لانڈھی میں استعمال شدہ کپڑوں کی فیکٹری میں شدید آتشزدگی، آگ پر تاحال قابو نہ پایا جاسکا
کراچی کے علاقے لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کے قریب ایک فیکٹری میں لگنے والی آگ پر ابھی تک قابو نہیں پایا جاسکا، جبکہ فائر بریگیڈ حکام نے واقعے کو تیسرے درجے کی آگ قرار دیا ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ استعمال شدہ کپڑوں کی فیکٹری میں لگی، جسے بجھانے کے لیے 16 فائر ٹینڈرز، 2 اسنارکلز اور ایک باؤزر موقع پر مصروفِ عمل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ کی شدت اور نوعیت کے باعث فائر فائٹرز کو ریسکیو اور کولنگ آپریشن میں دشواری پیش آرہی ہے۔ ابتدائی اندازے کے مطابق آگ پر مکمل قابو پانے میں مزید 8 سے 10 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔
فائر بریگیڈ کی ٹیمیں آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے اور متاثرہ حصوں میں آپریشن جاری رکھنے کے لیے مسلسل کارروائی کررہی ہیں۔