لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزی، اسرائیلی بمباری سے 14 لبنانی جاں بحق
اسرائیلی فوج نے لبنان میں جاری جنگ بندی کے دوران ایک بار پھر حملے کیے ہیں، جن کے نتیجے میں 14 لبنانی جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق جنوبی لبنان کے علاقے کفر رمان پر اسرائیلی بمباری میں 10 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 7 زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ دیر زہرانی میں ایک رہائشی عمارت کو بھی فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا۔
رپورٹس کے مطابق دیر زہرانی میں ہونے والی کارروائی کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے۔ متاثرین میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ حملوں کے دوران ایک اسپتال سمیت متعدد رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا، جبکہ لبنانی وزارتِ خزانہ کی عمارت بھی شدید متاثر ہوئی۔
دوسری جانب لبنانی صدر جوزف عون نے اسرائیلی حملوں کی دوبارہ شروعات کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارروائیاں جنگ بندی اور دشمنیوں کے خاتمے سے متعلق طے پانے والے معاہدوں کی مسلسل خلاف ورزی کی ایک سنگین مثال ہیں۔
صدر عون کے مطابق اسرائیلی حملوں کا دائرہ اب شہری آبادی سے آگے بڑھ کر ریاستی اداروں، عوامی خدمات کی تنصیبات اور طبی مراکز تک پہنچ چکا ہے، جو صورتحال کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔
لبنانی صدر نے حالیہ کشیدگی کی مکمل ذمہ داری اسرائیل پر عائد کرتے ہوئے امریکا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کریں اور ذمہ داروں کا احتساب یقینی بنائیں۔