محمود اچکزئی مذاکرات کے لیے تیار، خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے خلاف پُرامن جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ وہ سیاسی بحران کے حل اور جمہوری پاکستان کے قیام کے لیے ہر قسم کے مذاکرات پر آمادہ ہیں، تاہم خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے خلاف عوامی اور جمہوری جدوجہد بھی جاری رکھی جائے گی۔
ہم نیوز کے مطابق اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے واضح کیا کہ جمہوریت کی بحالی کے لیے ان کی تحریک پُرامن ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس جدوجہد میں نہ کسی کو گالی دی جائے گی، نہ فائرنگ کی جائے گی اور نہ ہی پتھراؤ کیا جائے گا۔
انہوں نے خیبرپختونخوا کے نوجوانوں پر زور دیا کہ جن اضلاع میں ایمرجنسی نافذ نہیں کی گئی، وہاں اپنی جمہوری تحریک جاری رکھیں، تاہم ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جن سے تشدد پھیلنے کا خدشہ ہو۔
محمود اچکزئی نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی اجازت دینے کا مطالبہ بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے مختلف خبریں اور افواہیں گردش کر رہی ہیں، اس لیے ان کی خیریت اور موجودہ حالت کے بارے میں جاننا ضروری ہے۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ اگر انہیں عمران خان سے ملاقات کی اجازت مل جائے تو وہ ملاقات کے بعد میڈیا کے سامنے اس حوالے سے کوئی بات نہیں کریں گے۔