مہوش حیات کا نوجوان فنکاروں کو مشورہ، نجی زندگی سوشل میڈیا سے دور رکھیں
پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے اپنی ذاتی زندگی کو سوشل میڈیا پر زیادہ نمایاں نہ کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے نوجوان فنکاروں کو بھی یہی طرزِ عمل اپنانے کا مشورہ دیا ہے۔ ان کے مطابق نجی معاملات کو محدود رکھنا غیر ضروری تنازعات اور توجہ سے بچنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
روزنامہ جنگ کے مطابق مہوش حیات نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر اور ذاتی ترجیحات پر گفتگو کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں سوشل میڈیا پر بار بار پوسٹس کرنے میں کبھی خاص دلچسپی نہیں رہی۔ وہ اپنی ذاتی زندگی کو نجی رکھنا پسند کرتی ہیں اور سمجھتی ہیں کہ ہر معاملہ مداحوں کے ساتھ شیئر کرنا ضروری نہیں۔
مہوش حیات نے نوجوان فنکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے اس انداز سے سیکھ سکتے ہیں اور سوشل میڈیا پر اپنی زندگی کے ہر پہلو کو دکھانے سے گریز کریں۔
ان کے مطابق فنکاروں کی شخصیت میں وقار اور مداحوں کے لیے تجسس برقرار رہنا چاہیے۔ انسٹاگرام سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر ذاتی معاملات کی ضرورت سے زیادہ تشہیر اس تاثر کو متاثر کرسکتی ہے۔
اداکارہ نے زور دیا کہ روزمرہ زندگی میں پیش آنے والے تمام واقعات سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے بجائے کچھ باتیں اپنے تک محدود رکھنی چاہییں۔