مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو تین روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ ان کے ہمراہ خاتون اول ساجدہ محمد اور اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری اور وزیر مملکت وجیہہ قمر نے مالدیپ کے صدر کا استقبال کیا۔ ایئرپورٹ آمد پر صدر ڈاکٹر محمد معیزو اور خاتون اول کو 21 توپوں کی سلامی بھی پیش کی گئی۔

مالدیپ کے صدر وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان آئے ہیں۔ یہ 11 سال کے وقفے کے بعد مالدیپ کے کسی صدر کا پہلا دورۂ پاکستان ہے۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دونوں ممالک 1966 میں سفارتی تعلقات کے قیام کے 60 سال مکمل ہونے کی یاد منا رہے ہیں۔

شیڈول کے مطابق صدر ڈاکٹر محمد معیزو کا کل وزیراعظم ہاؤس میں باضابطہ استقبال کیا جائے گا۔

دفتر خارجہ کے مطابق مالدیپ کے صدر اپنے دورے کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس موقع پر ان کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال متوقع ہے۔