وزیراعظم شہباز شریف کی مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو سے ملاقات، گارڈ آف آنر پیش

پاکستان کے سرکاری دورے پر آئے ہوئے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کا وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے پرتپاک استقبال کیا۔ معزز مہمان کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور مالدیپ کے صدر نے ایک دوسرے سے مصافحہ کیا اور خوشگوار انداز میں گفتگو کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے، جبکہ پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کو سلامی پیش کی۔

مالدیپ کے صدر نے وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ سلامی کے چبوترے پر گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔ بعد ازاں وزیراعظم نے اپنی کابینہ کے ارکان اور وزیراعظم ہاؤس کے اعلیٰ حکام سے مالدیپ کے صدر کا تعارف کرایا، جبکہ ڈاکٹر محمد معیزو نے اپنے وفد کے ارکان کو وزیراعظم سے متعارف کروایا۔

دورے کے دوران مالدیپ کے صدر نے وزیراعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کی ترقی، خوشحالی اور دوطرفہ تعلقات میں مزید بہتری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔