ایران سے جنگ کے خاتمے کیلئے معاہدے پر تیار ہیں، مارکو روبیو
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ جاری جنگ ختم کرنے کے لیے معاہدے کا راستہ اب بھی کھلا رکھے ہوئے ہیں، تاہم واشنگٹن کی بنیادی شرط برقرار ہے کہ تہران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ امریکی صدر ایسے معاہدے کے لیے تیار ہیں جو ایران کو ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بننے کا موقع فراہم کرے۔
روبیو کے مطابق امریکا کی اولین ترجیح یہ ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی ایسا قابلِ عمل معاہدہ طے پاجاتا ہے جو اس بات کی ضمانت دے سکے تو صدر ٹرمپ تہران کے ساتھ سمجھوتے کے لیے تیار ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی رابطے جاری ہیں۔ حالیہ بالواسطہ مذاکرات کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان بعض اہم معاملات پر اختلافات برقرار ہیں، تاہم فریقین کی جانب سے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا جارہا ہے۔
ایک روز قبل بھی روبیو نے کہا تھا کہ امریکا ایرانی قیادت سے ملاقات کے لیے تیار ہے، بشرطیکہ ایسی ملاقات سے کسی مثبت پیش رفت کی توقع ہو۔
دوسری جانب ایرانی حکام نے جنگ ختم کرنے سے متعلق امریکی تجاویز پر واشنگٹن کے جواب کا جائزہ لینے کی تصدیق کی ہے، تاہم دونوں ممالک کے مؤقف میں اب بھی متعدد اختلافی نکات موجود ہیں۔
مارکو روبیو نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ کسی معاہدے تک پہنچنے کے لیے وقت اور بھرپور سفارتی کوششوں کی ضرورت ہوگی۔ ادھر امریکی صدر نے سفارتی حل کے ساتھ فوجی آپشن کو بھی برقرار رکھا ہوا ہے۔