مریم اورنگزیب کا خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان کے بیان پر ردعمل

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی بحث میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیرونِ ملک دورے یا ان کے بیان سے زیادہ ان کی کارکردگی اور بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت کو موضوع بنایا جارہا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ پہلے ہی واضح کیا جاچکا ہے کہ مریم نواز کے لندن دورے کے اخراجات وہ خود برداشت کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے بیان کو صوبوں کے درمیان اختلاف اور عوام میں تقسیم پیدا کرنے کے لیے استعمال کرنے والوں کو اپنے طرزِ عمل پر عوام سے معذرت کرنی چاہیے۔

مریم اورنگزیب نے خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے اسے پی ٹی آئی اور اس کی قیادت کی خواتین کے بارے میں بیان بازی کی روایت کا تسلسل قرار دیا۔

سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں ایسے عناصر اقتدار میں ہیں جو ان کے بقول ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کے احترام پر مبنی پختون روایات سے واقفیت نہیں رکھتے۔

انہوں نے دہشت گردی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد مسلح کارروائیوں کے ذریعے لوگوں کو نقصان پہنچاتے ہیں، جبکہ ان کے سہولت کار سیاسی اور سماجی سطح پر بالخصوص خواتین کے خلاف توہین آمیز زبان کو بطور ہتھیار استعمال کرتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں خواتین کے احترام اور سیاسی گفتگو میں شائستگی کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔