مریم نواز: پنجاب ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے نئے مرحلے میں داخل ہوچکا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں ترقیاتی سرگرمیوں اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے باعث صوبہ ایک نئے دور میں داخل ہوگیا ہے۔

لودھراں سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے سیاسی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل سمیت مختلف امور پر گفتگو کی۔ ملاقات میں محمد زبیر خان اور شازیہ حیات نے اپنے حلقوں کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔

مریم نواز نے ارکان اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ اپنے حلقوں کے عوام سے مسلسل رابطے میں رہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر انداز میں کام جاری رکھیں۔

اس موقع پر ارکان صوبائی اسمبلی نے ملتان، وہاڑی روڈ کی تکمیل پر وزیراعلیٰ کو سراہا جبکہ لودھراں میں الیکٹروبس سروس شروع کرنے پر بھی عوام کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔

ارکان اسمبلی کے مطابق شاہدہ اسلام ہسپتال، دنیاپور، کچہری چوک، میلاد چوک اور کہروڑ پکا کے روٹس پر الیکٹروبس سروس کو شہریوں کی جانب سے مثبت ردعمل مل رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں صحت کے شعبے میں شروع کیے گئے مختلف منصوبوں کو بھی عوام میں پذیرائی حاصل ہورہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب کے جدید ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں سے صوبے کے علاوہ دوسرے علاقوں سے آنے والے افراد بھی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ ان کے مطابق لاہور میں جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور مختلف اضلاع میں قائم کی جانے والی کیتھ لیبز طبی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب ای بز اور مریم کی دستک پورٹل جیسے ڈیجیٹل اقدامات کے ذریعے سرکاری خدمات کی فراہمی کو مزید تیز اور آسان بنایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ٹیکنالوجی کے استعمال کو بھی وسعت دے رہی ہے اور صوبہ حقیقی معنوں میں ترقی، جدید سہولیات اور ٹیکنالوجی کے دور میں داخل ہوچکا ہے۔