اسکوٹی سوار لڑکی پر تشدد کا معاملہ، مریم نواز کا ردعمل سامنے آگیا
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اسکوٹی سوار لڑکی پر تشدد کے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے متاثرہ لڑکی سے خود بات کی اور اسے کہا کہ ملزم نے جتنے تھپڑ مارے، وہ بھی اسے اتنے ہی تھپڑ مارے۔
جیو نیوز کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک شہری نے پیٹرول پمپ کے ملازم پر تشدد کرنے والے شخص کی گرفتاری کے بعد سامنے آنے والی ویڈیو شیئر کیے جانے پر مریم نواز سے سوال کیا کہ اسکوٹی سوار لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنانے والے شخص کی ایسی ویڈیو کب سامنے آئے گی؟
اس سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ انہوں نے متاثرہ لڑکی سے براہِ راست گفتگو کی تھی اور اسے مشورہ دیا تھا کہ وہ ملزم کو بھی اتنے ہی تھپڑ مارے جتنے اسے مارے گئے تھے۔ مریم نواز کے مطابق لڑکی نے جواب دیا کہ اس کے لیے یہی کافی ہے کہ حکومت نے اسے تحفظ فراہم کیا ہے اور اسے یقین ہے کہ انصاف اس کے ساتھ ہوگا۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل مریم نواز نے پیٹرول پمپ کے ملازم پر تشدد کرنے والے شخص کی گرفتاری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔ ویڈیو میں پولیس کی تحویل میں موجود شخص کو پیٹرول پمپ ملازم کے تھپڑ مارتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو کے ساتھ اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے ایسے افراد کو تنقید کا نشانہ بنایا جو دولت اور طاقت کے زعم میں غریب شہریوں کو کمتر سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض لوگ یہ خیال کرتے ہیں کہ مالی حیثیت اور اثرورسوخ کی بنیاد پر وہ قانون سے بچ سکتے ہیں، تاہم کسی کو بھی قانون سے بالاتر ہونے کا حق حاصل نہیں۔