سینئر بھارتی اداکارہ میتھو مکھرجی 71 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں

بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ میتھو مکھرجی 71 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ وہ گزشتہ ایک برس سے کینسر کے مرض کا مقابلہ کر رہی تھیں۔

میتھو مکھرجی نے اپنے کئی دہائیوں پر محیط فنی سفر میں زیادہ تر بنگالی فلموں میں اداکاری کی۔ 1970 اور 1980 کی دہائیوں کے دوران وہ بنگالی سنیما کی نمایاں اداکاراؤں میں شمار ہوتی تھیں اور اپنی پرفارمنس کے باعث خاص پہچان بنائی۔

انہوں نے بنگالی فلموں کے کئی معروف اداکاروں کے ساتھ کام کیا، جن میں اتم کمار، سومیترا چٹوپادھیائے اور رنجیت ملک شامل ہیں۔ ان کی مشہور فلموں میں ’مرجینا عبداللہ‘، ’نشی کانیا‘ اور ’موچک‘ سمیت دیگر فلمیں شامل ہیں۔

بنگالی سنیما کے ساتھ ساتھ میتھو مکھرجی نے ہندی فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کی ہندی فلموں میں ’خان دوست‘، ’سفید جھوٹ‘، ’دل لگی‘ اور ’دو لڑکے دونوں کڑکے‘ کے نام قابل ذکر ہیں۔

اداکارہ کے انتقال پر آل انڈیا سنیما ورکرز ایسوسی ایشن نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ ایسوسی ایشن کے مطابق بھارتی فلمی صنعت میں میتھو مکھرجی کی خدمات اور فنی ورثہ طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔