لاہور ہائیکورٹ کا محمد رضوان کی درخواست پر تحریری فیصلہ

لاہور ہائیکورٹ نے قومی کرکٹر محمد رضوان کی جانب سے این سی سی آئی اے کی انکوائری کے خلاف دائر درخواست مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے۔

چیف جسٹس عالیہ نیلم نے محمد رضوان کی درخواست پر پانچ صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے کرکٹر کو این سی سی آئی اے کی جاری تحقیقات میں پیش ہوکر تعاون کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ تحقیقاتی ادارے کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ محمد رضوان کو غیر ضروری طور پر ہراساں نہ کرے۔

تحریری فیصلے میں عدالت نے این سی سی آئی اے کو ہدایت کی کہ محمد رضوان سے متعلق انکوائری قانون کے مطابق آگے بڑھائی جائے۔ عدالت کے مطابق این سی سی آئی اے نے 8 ستمبر کو محمد رضوان کو طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا، جس میں انہیں 10 ستمبر کو پیش ہوکر اپنا مؤقف بیان کرنے اور الزامات سے متعلق وضاحت دینے کی ہدایت کی گئی تھی۔

عدالتی فیصلے کے مطابق محمد رضوان مقررہ تاریخ پر این سی سی آئی اے کے سامنے پیش ہوئے اور اپنا مؤقف ریکارڈ کرایا۔ بعد ازاں انہوں نے 14 ستمبر کو تحقیقاتی ادارے میں اپنا تحریری جواب بھی جمع کرایا۔

لاہور ہائیکورٹ نے تمام متعلقہ امور کا جائزہ لینے کے بعد محمد رضوان کی این سی سی آئی اے انکوائری کے خلاف درخواست خارج کردی۔