محمد بن سلمان کی سینٹ کام سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر سے ملاقات
سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر سے جدہ میں ملاقات کی ہے۔
سعودی سرکاری میڈیا کے مطابق ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال اور خطے میں ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق سعودی ولی عہد اور امریکی سینٹ کام کمانڈر کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے سعودی عرب کو مبینہ طور پر نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
دوسری جانب یمن کی حوثی تحریک انصار اللہ نے سعودی عرب کے خلاف ڈرون اور میزائل حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔ حوثی گروپ کے مطابق سعودی علاقے خمیس مشیط میں ایک ایئربیس کو حملے کا نشانہ بنایا گیا۔
حوثیوں کے اس دعوے کی آزاد ذرائع سے فوری طور پر تصدیق سامنے نہیں آسکی۔