محسن نقوی کا وزارت داخلہ کے اداروں میں جامع اصلاحات اور جدید نظام لانے پر زور
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وزارت داخلہ کے ماتحت تمام اداروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور انہیں مؤثر، بااختیار اور عوام دوست بنانا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق محسن نقوی کی زیر صدارت وزارت داخلہ کے ذیلی اداروں کے سربراہان کا اجلاس ہوا، جس میں اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے، باہمی تعاون بڑھانے اور انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت داخلہ کی ذمہ داریاں دیگر وزارتوں کے مقابلے میں حساس اور غیر معمولی نوعیت رکھتی ہیں۔ ان کے مطابق لینڈ پورٹ اتھارٹی سمیت نئے قائم کیے گئے اداروں کو مکمل معاونت فراہم کی جائے گی اور ان کی ضروریات کے مطابق وسائل بھی مہیا کیے جائیں گے۔ انہوں نے تمام اداروں کو ایک دوسرے کے ساتھ مؤثر رابطہ اور تعاون برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
محسن نقوی نے اداروں کے سربراہان کو ڈیٹا سکیورٹی اور سائبر سکیورٹی کے لیے جامع اقدامات یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے ہر ادارے سے آئندہ دو سال کے لیے تفصیلی ٹرانسفارمیشن پلان بھی طلب کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ کے تمام اداروں کی تنظیم نو اور جدید خطوط پر منتقلی حکومت کا ہدف ہے۔ ان کے مطابق ہر ذیلی ادارے کو ایسی مثال قائم کرنا ہوگی جس سے عوام کو بہتر سہولیات اور معیاری خدمات مل سکیں، جبکہ اداروں کے لیے مقرر کردہ اہداف کا بروقت حصول بھی ضروری ہے۔
وزیر داخلہ نے زور دیا کہ متعلقہ اداروں کو اپنے دائرہ کار میں زیادہ خودمختاری اور فیصلہ سازی کا اختیار حاصل ہونا چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ معمول کے معاملات میں ہر فیصلے کے لیے وزارت سے رجوع کرنے کے بجائے ادارے خود کارروائی کریں، جبکہ جہاں قوانین میں تبدیلی کی ضرورت ہو وہاں اصلاحات سے متعلق تجاویز فوری طور پر پیش کی جائیں۔
محسن نقوی نے گزشتہ اور موجودہ سال کے حج آپریشنز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان دونوں مواقع پر منشیات اسمگلنگ کا کوئی کیس رپورٹ نہ ہونا متعلقہ اداروں کی بہتر کارکردگی کی نشاندہی کرتا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا کہ وفاقی اداروں میں روایتی طور پر غیر مؤثر طرزِ عمل موجود تھا، جسے تبدیل کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اب تمام اداروں کو اہداف کی بنیاد پر، نتائج پر توجہ دیتے ہوئے اور کارکردگی کے واضح پیمانوں کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔
اجلاس میں شریک وزارت داخلہ کے مختلف ذیلی اداروں کے سربراہان نے بھی گفتگو کی اور کہا کہ محسن نقوی کی قیادت میں ادارہ جاتی سطح پر اہم اور مثبت تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔