مومنہ اقبال نے ثاقب چدھڑ کے الزامات کو مسترد کردیا

اداکارہ مومنہ اقبال نے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ کی جانب سے ان اور ان کی بہن کے بارے میں سامنے آنے والے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اپنا مؤقف پیش کردیا۔

ثاقب چدھڑ کا انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مومنہ اقبال نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے ردعمل دیا۔ اداکارہ نے اس موقع پر انٹرویو لینے والی میزبان کے ولیمے کی ایک ویڈیو بھی اپنی اسٹوری میں شیئر کی۔

مومنہ اقبال نے دعویٰ کیا کہ پوڈکاسٹ کے دوران ان کی دوست کو بھی صورتحال میں شامل کیا گیا اور مبینہ طور پر جعلی ثبوت دکھائے گئے، حتیٰ کہ انہی شواہد کی تصدیق بھی ان کی دوست سے کروانے کی کوشش کی گئی۔

اداکارہ نے ثاقب چدھڑ سے کہا کہ اگر وہ معاملے کو عوام کے سامنے لے کر آئے ہیں تو انہیں متعلقہ شواہد بھی کھلے عام کیمرے پر پیش کرنے چاہییں، تاکہ لوگ خود طے کرسکیں کہ ان کے دعوے درست ہیں یا نہیں۔

مومنہ اقبال کے مطابق این سی سی آئی اے سے متعلق پابندیوں کے باعث وہ ثاقب چدھڑ کے وائس نوٹس اور ان کی اہلیہ کی ریکارڈ شدہ فون گفتگو عوام کے سامنے نہیں لا سکتیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے پاس موجود تقریباً 50 سیکنڈ کا ایک وائس نوٹ ہی ان کے بقول ثاقب چدھڑ کے دعوؤں کا جواب دینے کے لیے کافی ہے۔

اداکارہ نے اپنی بات ختم کرتے ہوئے کہا کہ ثاقب چدھڑ جو کچھ کرنا چاہتے ہیں، کررہے ہیں، تاہم وہ اس معاملے میں اللہ پر بھروسا رکھتی ہیں۔