موٹرویز مختلف مقامات سے آج شام ٹریفک کے لیے بند رہیں گی

موٹروے پولیس نے شہریوں کو آگاہ کیا ہے کہ آج شام سے ملک کی مختلف موٹرویز اور اہم شاہراہوں کے بعض حصے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیے جائیں گے۔

موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق شہری آج ایم ون پر سفر سے حتی الامکان گریز کریں۔ ایم ون اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک دونوں سمتوں میں ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔

ترجمان کے مطابق فتح جنگ، پنڈی گھیپ اور تراپ انٹرچینجز بھی بند کیے جائیں گے، جبکہ داؤد خیل، کوٹ بیلیاں اور عیسیٰ خیل انٹرچینجز سے بھی آمدورفت معطل رہے گی۔

موٹروے پولیس نے بتایا کہ ایم 14 کو بھی آج شام سے ہکلہ سے کنڈل تک دونوں اطراف میں ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رکھا جائے گا۔

اسی طرح جی ٹی روڈ این 5 پر اٹک خورد کے مقام سے دونوں سمتوں میں ٹریفک کی روانی آج شام سے روک دی جائے گی۔

ترجمان کے مطابق آج سے ایم 2 پر لاہور سے اسلام آباد جانے والی بڑی گاڑیوں کا داخلہ بھی بند ہوگا۔ بھاری گاڑیوں کو مختلف مقامات سے متبادل راستوں کے ذریعے جی ٹی روڈ کی جانب منتقل کیا جائے گا۔

موٹروے پولیس کے مطابق ایم 2 اور ایم 3 سے آنے والی بڑی گاڑیوں کو بھی کالا شاہ کاکو کے مقام سے جی ٹی روڈ پر منتقل کیا جائے گا۔