ملتان میں 15 سالہ یتیم لڑکے کو گاڑی سے کچلنے کا مقدمہ، ملزم کا 4 روزہ ریمانڈ منظور
ملتان میں 15 سالہ یتیم لڑکے کو مبینہ طور پر گاڑی تلے کچلنے کے مقدمے میں گرفتار ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں پیشی کے دوران وکلا نے اس پر تشدد کیا۔
پولیس تھانہ ڈی ایچ اے نے ملزم کو علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا۔ سماعت کے بعد عدالت نے ملزم کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ اسی دوران عدالت میں موجود وکلا کی جانب سے ملزم کو تشدد کا نشانہ بنانے کا واقعہ بھی پیش آیا۔
واضح رہے کہ ملتان میں 15 سالہ یتیم لڑکے کو گاڑی سے کچلنے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا تھا۔ واقعے کی مبینہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں لڑکے کا تعاقب کیے جانے اور پھر اسے گاڑی تلے کچلنے کے مناظر دکھائی دینے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا، جہاں صارفین نے مطالبہ کیا کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائیں، دستیاب شواہد کی بنیاد پر ذمہ دار کا تعین کیا جائے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔