مریدکے میں ن لیگی رہنما شیخ شبیر احمد قاتلانہ حملے میں جاں بحق

مریدکے میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق چیئرمین بلدیہ شیخ شبیر احمد فائرنگ کے ایک واقعے میں جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق شیخ شبیر احمد جی ٹی روڈ کے قریب واقع اپنی فلور فیکٹری سے کار میں سوار ہوکر لاہور میں واقع اپنے گھر کی جانب روانہ ہوئے تھے کہ راستے میں نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کار سوار ملزمان نے گھات لگا کر شیخ شبیر احمد کی گاڑی پر فائرنگ کی اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔

فائرنگ کے نتیجے میں شیخ شبیر احمد شدید زخمی ہوئے اور جانبر نہ ہوسکے۔ واقعے کے بعد پولیس نے ان کی لاش کو ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتال مریدکے منتقل کردیا۔

پولیس کے مطابق حملے میں ملوث ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جارہی ہے۔