مظفرآباد میں جیپ کھائی میں جا گری، 7 افراد جاں بحق، سانگھڑ میں بھی حادثہ
آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے قریب شکر پڑیاں کے علاقے میں ایک جیپ گہری کھائی میں گرنے سے ڈرائیور سمیت 7 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو حکام اور پولیس کے مطابق گھاس سے لدی جیپ میں سات افراد سوار تھے کہ اسی دوران گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی اور سیکڑوں فٹ گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے میں جیپ پر سوار تمام افراد جاں بحق ہوگئے۔
حادثے کی اطلاع ملنے پر مقامی لوگوں اور ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی لاشیں اسپتال منتقل کردیں۔
دوسری جانب سندھ کے ضلع سانگھڑ میں ٹنڈو آدم، جھول روڈ پر مسافر کوچ اور کار کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک بچے اور خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 4 دیگر زخمی ہوگئے۔
حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے جاں بحق افراد اور زخمیوں کو تعلقہ اسپتال ٹنڈو آدم منتقل کیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔