نواز شریف کا خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی حمایت کا اظہار
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر یہ فیصلہ پہلے ہی کرلیا جانا چاہیے تھا۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں حالات خراب ہوچکے تھے اور صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے بروقت اقدامات کی ضرورت تھی۔ ان کے مطابق تحریک انصاف نے گزشتہ 13 برس کے دوران صوبے کو نقصان پہنچایا ہے۔
سابق وزیراعظم نے سوال اٹھایا کہ کسی ملک میں صوبے کا وزیراعلیٰ سرکاری وسائل استعمال کرتے ہوئے وفاقی دارالحکومت پر حملہ کرنے کی کوشش کیسے کرسکتا ہے؟ انہوں نے صوبائی وسائل کو اسلام آباد یا دیگر صوبوں کے خلاف استعمال کرنے پر بھی تنقید کی۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں ترقیاتی سرگرمیاں مطلوبہ سطح پر نہیں ہوئیں اور وہاں کے عوام کو ترقی اور خوشحالی کے مناسب مواقع نہیں مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں صوبے کے بعض شہری علاج معالجے کے لیے لاہور کا رخ کرتے تھے، جبکہ خیبرپختونخوا کے عوام کو بھی بہتر طبی سہولتیں اور خوشحال زندگی ملنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عام شہریوں کی زندگی بہتر بنانے کے لیے کوششیں کررہی ہیں۔ نواز شریف کے مطابق خیبرپختونخوا کے عوام کو ترقی، بہتر سہولتوں اور معاشی خوشحالی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔