اداکارہ نیلم منیر کے گھر بیٹے کی آمد، نومولود کا نام محمد حمدان رکھ دیا
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نیلم منیر کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔ اداکارہ نے بیٹے کی آمد کی خوشخبری سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے نومولود کا نام محمد حمدان بتایا ہے۔
34 سالہ نیلم منیر نے انسٹاگرام پر ایک تصویر پوسٹ کی، جس میں وہ اسپتال کے بستر پر اپنے نوزائیدہ بیٹے کو گود میں لیے بیٹھی دکھائی دے رہی ہیں۔ تصویر میں بچے کا چہرہ ایموجی کے ذریعے چھپایا گیا ہے۔
اداکارہ نے اس خوشی کے موقع پر اپنے پیغام میں لکھا کہ اب وہ کسی کی پوری دنیا بن گئی ہیں۔ انہوں نے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے اپنے بیٹے محمد حمدان کو اپنی قبول ہونے والی دعا اور زندگی کی سب سے بڑی نعمت قرار دیا۔
نیلم منیر کی جانب سے یہ خوشخبری سامنے آنے کے بعد مداحوں اور شوبز حلقوں کی طرف سے مبارک باد اور نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے خوشیوں، صحت اور کامیابی کی دعائیں بھی کی ہیں۔