اسرائیل میں انتخابی ماحول کے دوران نیتن یاہو پر تنقید تیز، سابق وزیر دفاع نے غداری کے مقدمے کی درخواست دے دی
اسرائیل میں انتخابات سے قبل وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو سیاسی دباؤ کا سامنا ہے۔ سابق اسرائیلی وزیر دفاع ایویگڈور لائبرمین نے ان کے خلاف غداری کے مقدمے کی درخواست دائر کردی ہے۔
ایویگڈور لائبرمین نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں الزام عائد کیا کہ نیتن یاہو انتخابی شکست کے خدشے کے باعث اسرائیل کو ایران کے ساتھ ایک اور جنگ کی طرف لے جانا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق وزیراعظم گزشتہ ایک ماہ سے سکیورٹی اداروں کے سربراہان پر ایسے اقدامات کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں جن کے نتیجے میں ایران کے ساتھ خطرناک فوجی تصادم پیدا ہوسکتا ہے۔
سابق وزیر دفاع نے مزید دعویٰ کیا کہ نیتن یاہو اپنی سیاسی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے اسرائیلی فوجیوں کی جانوں کو بھی خطرے میں ڈالنے پر آمادہ ہیں۔ لائبرمین نے اس مبینہ طرزِ عمل کو اسرائیل اور اس کی فوج کے ساتھ غداری قرار دیا۔
تاہم نیتن یاہو کے خلاف لگائے گئے الزامات اور مقدمے کی درخواست سے متعلق قانونی کارروائی کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔