نائجیریا میں فوجی طیارہ حادثے کا شکار، 32 افراد ہلاک

نائجیریا میں اے ٹی آر-42 فوجی طیارہ حادثے کا شکار ہوکر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں موجود تمام 32 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

حکام کے مطابق فوجی طیارہ بینن سٹی سے لاگوس کی جانب پرواز کررہا تھا کہ راستے میں حادثے کا شکار ہوگیا۔ حادثے کے بعد طیارے کا ملبہ ساحلی شہر اِگبوکوڈا کے قریب سے ملا۔

رپورٹس کے مطابق طیارے کا ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ 08:13 جی ایم ٹی پر منقطع ہوگیا تھا۔ حادثے کی فوری وجوہات سامنے نہیں آسکیں اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ طیارے میں مجموعی طور پر 32 افراد سوار تھے، جن میں 25 مسافر اور 7 اہلکار شامل تھے۔

نائجیریا کے صدر نے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔

حکام کے مطابق یہ حادثہ حالیہ برسوں کے دوران نائجیریا میں پیش آنے والے انتہائی ہلاکت خیز فضائی حادثات میں شمار کیا جارہا ہے۔