شمالی غزہ میں ڈرون حادثہ، 2 اسرائیلی فوجی ہلاک

اسرائیلی فوج کے مطابق شمالی غزہ میں ایک فوجی چوکی کے اندر ڈرون گرنے کے نتیجے میں دو اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے۔

اسرائیلی فوج نے ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی شناخت 24 سالہ ناداو کالی اور 23 سالہ اوفیک موالم کے نام سے کی ہے۔ دونوں اہلکار فوج کی 16ویں بریگیڈ میں تعینات تھے۔

فوجی حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ اہلکار ڈرون سے متعلق پہلے آپریشن کو کامیابی سے مکمل کرچکے تھے، تاہم دوسرے مشن کے دوران ڈرون فوجی چوکی کے احاطے میں گر گیا۔

حکام کے مطابق حادثے کے بعد دونوں فوجی صورتحال کا جائزہ لینے اور جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کے لیے وہاں پہنچے، اسی دوران ڈرون میں دھماکا ہوگیا جس کی زد میں آکر دونوں اہلکار جان کی بازی ہار گئے۔

اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا ڈرون بارودی نوعیت کا تھا۔ واقعے کی ابتدائی تحقیقات مکمل ہونے تک اسرائیلی فوج نے ڈرون آپریشنز عارضی طور پر روک دیے ہیں۔