اوپن اے آئی نے GPT-6 Astra متعارف کرا دیا، پیچیدہ کاموں میں بہتر کارکردگی کا دعویٰ
اوپن اے آئی نے GPT-6 Astra کے نام سے اپنا نیا جدید ماڈل متعارف کرادیا ہے، جسے کمپنی نے پیچیدہ اور کئی مراحل پر مشتمل کام انجام دینے کے لیے اپنی زیادہ قابل ماڈلز میں شامل کیا ہے۔
کمپنی کے مطابق GPT-6 Astra میں کوڈنگ، تحقیق، کمپیوٹر استعمال، ویب براؤزنگ، سافٹ ویئر انجینئرنگ اور پیشہ ورانہ کاموں کے حوالے سے نمایاں بہتری لائی گئی ہے۔ یہ ماڈل صارف کی ہدایات کے مطابق مختلف کاموں کو ایک ہی ورک فلو میں مکمل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ Astra کو خاص طور پر ایسے مشکل کاموں کے لیے تیار کیا گیا ہے جن میں متعدد مراحل، مختلف ٹولز اور مسلسل فیصلہ سازی درکار ہوتی ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ ماڈل دستاویزات، اسپریڈ شیٹس اور پریزنٹیشنز بھی صارف کی فراہم کردہ ہدایات اور ٹیمپلیٹس کے مطابق تیار کرسکتا ہے۔
نئے ماڈل کی صلاحیتوں میں سائنس، سائبر سیکیورٹی اور براؤزر و کمپیوٹر کے استعمال کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔ اوپن اے آئی کے مطابق مختلف بینچ مارکس میں Astra نے سابقہ ماڈلز کے مقابلے میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری معلومات کے مطابق GPT-6 Astra مرحلہ وار متعارف کرایا جارہا ہے اور ابتدائی طور پر محدود اداروں کو اس تک رسائی دی جارہی ہے، جبکہ وسیع تر دستیابی بھی مرحلہ وار بڑھائی جائے گی۔