پاک بحریہ کی بحیرہ عرب میں بڑی کارروائی، 96 ملین ڈالر کی منشیات پکڑی گئی
پاک بحریہ کے جہاز یرموک نے بحیرہ عرب میں پاکستانی ساحل سے دور منشیات اسمگلنگ کے خلاف دو کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات قبضے میں لے لی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کی کارروائیوں کے دوران دو دھاؤ کشتیوں کو روکا گیا، جن کی تلاشی کے دوران خفیہ خانوں سے تقریباً 850 کلوگرام آئس اور 2 ہزار کلوگرام حشیش برآمد ہوئی۔ پکڑی گئی منشیات کی مجموعی مالیت تقریباً 96 ملین امریکی ڈالر بتائی گئی ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق برآمد ہونے والی منشیات کو مزید قانونی کارروائی اور تلفی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے پاک بحریہ کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے افسران اور اہلکاروں کی کارکردگی کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کی یہ کارروائیاں سمندری حدود کی سکیورٹی یقینی بنانے اور سمندر کے راستے غیر قانونی تجارت کی روک تھام کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کی عکاس ہیں۔
ترجمان کے مطابق پاک بحریہ سمندر میں نگرانی اور چوکسی کا عمل مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ غیر قانونی منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔