کم طلب کے باوجود ملک بھر میں رات کے وقت بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری
ملک میں بجلی کی مجموعی طلب نسبتاً کم رہنے کے باوجود مختلف علاقوں میں رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق مہنگے ایندھن اور درآمدی ایل این جی سے بجلی پیدا کرنے کی لاگت زیادہ ہونے کے باعث ان ذرائع سے پیداوار محدود رکھی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ فیول کاسٹ میں اضافے سے بچنے کے لیے مہنگے پاور پلانٹس کو کم چلایا جارہا ہے، جس کے نتیجے میں رات کے وقت بجلی کا شارٹ فال پیدا ہوجاتا ہے۔
حکام کے مطابق ملک میں پیک آورز کے دوران بجلی کی طلب تقریباً 23 ہزار میگاواٹ تک رہتی ہے، تاہم مہنگی پیداوار سے گریز کی پالیسی کے باعث رات کے اوقات میں بجلی کی فراہمی اور طلب کے درمیان فرق بڑھ جاتا ہے، جس سے لوڈشیڈنگ کرنا پڑتی ہے۔
دوسری جانب آئیسکو کے ترجمان کے مطابق اس کے ریجن میں بجلی کی طلب تقریباً 1850 میگاواٹ ہے جبکہ نیشنل گرڈ سے 1492 میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ اس طرح ریجن میں تقریباً 358 میگاواٹ کا شارٹ فال موجود ہے۔
ترجمان کے مطابق آئیسکو کے مختلف علاقوں میں رات کے دوران 2 سے 4 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، جس کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔