پاکستان میں سمارٹ فون استعمال کرنے والوں کی شرح 71.6 فیصد تک پہنچ گئی

ملک میں رواں مالی سال کے دوران اسمارٹ فون کے استعمال میں معمولی مگر مثبت اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اسمارٹ فون صارفین کا تناسب بڑھ کر 71.6 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔

قومی اقتصادی سروے 2025-26 کے اعداد و شمار کے مطابق روایتی 2G سروس استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد میں کمی دیکھی گئی ہے اور ان کا تناسب کم ہو کر تقریباً 28 فیصد رہ گیا ہے، جو جدید موبائل ٹیکنالوجی کی جانب بڑھتے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔

سروے رپورٹ کے مطابق ملک میں موبائل اور فکسڈ لائن فون استعمال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 20 کروڑ 72 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ موبائل کنکشنز کا مجموعی تناسب بھی بڑھ کر 82.6 فیصد ہو گیا ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ براڈ بینڈ صارفین کی تعداد 16 کروڑ 10 لاکھ تک پہنچ چکی ہے، جس سے انٹرنیٹ تک رسائی میں مسلسل اضافے کا رجحان ظاہر ہوتا ہے۔

اقتصادی سروے کے مطابق مارچ 2026 تک ملک میں مقامی سطح پر 16 کروڑ 16 لاکھ موبائل فون تیار کیے جا چکے ہیں، جو مقامی مینوفیکچرنگ کے شعبے میں نمایاں پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان دنیا کے اُن ممالک میں شامل ہے جہاں انٹرنیٹ ڈیٹا نسبتاً کم قیمت پر دستیاب ہے۔ اندازوں کے مطابق ملک میں انٹرنیٹ ڈیٹا کا مجموعی استعمال 30 ہزار 783 پیٹا بائٹس تک پہنچ چکا ہے، جو ڈیجیٹل سرگرمیوں میں تیزی سے اضافے کی نشاندہی کرتا ہے