ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی، لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
ملک کے بیشتر بالائی اور وسطی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ برقرار ہے، جس کے باعث آج رات سے اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور بالائی و وسطی پنجاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے زیرِ اثر آج رات اور بدھ کے روز چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، ایبٹ آباد، مری، گلیات، نیلم، مظفرآباد اور ان سے ملحقہ علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ پہاڑی علاقوں میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔
دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا۔ تاہم بالائی خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر کے چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔