انٹربینک میں پاکستانی روپے کی قدر میں مزید اضافہ، ڈالر 276.97 روپے پر آگیا
انٹربینک فارن ایکسچینج مارکیٹ میں پیر کے روز پاکستانی روپے نے امریکی ڈالر کے مقابلے میں اپنی بہتری کا سلسلہ برقرار رکھا، جس کے نتیجے میں مقامی کرنسی کی قدر میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
کاروباری ہفتے کے دوران روپے کی قدر میں 0.01 فیصد بہتری آئی، جو 3 پیسے کے اضافے کے برابر ہے۔ اس پیش رفت کے بعد انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت 277 روپے سے کم ہو کر 276.97 روپے پر آگئی۔ اس سے قبل جمعے کو ڈالر 277 روپے پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب عالمی مالیاتی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر اہم معاشی اعدادوشمار کے انتظار میں مستحکم رہی۔ ایشیائی سیشن کے آغاز پر مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور رواں ہفتے متوقع امریکی مہنگائی کے اعدادوشمار نے سرمایہ کاروں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر رکھی تھی۔
چھ بڑی عالمی کرنسیوں کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر کا جائزہ لینے والا ڈالر انڈیکس معمولی کمی کے بعد 102.14 کی سطح پر ٹریڈ کرتا رہا۔ عالمی منڈی میں سرمایہ کاروں کی نظریں اب امریکی انفلیشن ڈیٹا پر مرکوز ہیں، جس کے نتائج ڈالر کی آئندہ سمت پر اثرانداز ہو سکتے ہیں۔