پاکستانی تھیٹر کے معروف فنکار آصف اقبال انتقال کرگئے

پاکستانی تھیٹر انڈسٹری کے سینئر اداکار آصف اقبال انتقال کرگئے، ان کے اچانک انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد شوبز سے وابستہ حلقوں میں سوگ کی فضا چھا گئی۔

آصف اقبال طویل عرصے سے تھیٹر کے شعبے سے وابستہ تھے اور اپنی منفرد اداکاری کے باعث ناظرین میں خاص پہچان رکھتے تھے۔ اپنے فنی سفر کے دوران انہوں نے متعدد اسٹیج ڈراموں میں مختلف کردار نبھائے اور تھیٹر کے شائقین سے بھرپور پذیرائی حاصل کی۔

ان کے انتقال کی خبر پر فنکار برادری، شوبز شخصیات اور مداحوں کی جانب سے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ساتھی فنکاروں نے مرحوم کی فنی خدمات کو یاد کرتے ہوئے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

اہلِ خانہ کے مطابق آصف اقبال کی نمازِ جنازہ اور تدفین کے حوالے سے وقت اور مقام کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔