پریشے عدنان کا ذاتی سوالات پر اعتراض، نادیہ خان کے انٹرویو پر اظہار ناراضی

پاکستانی فیشن ڈیزائنر اور عامر عدنان برانڈ کی سی ای او پریشے عدنان نے نیویارک فیشن ویک میں پاکستان کی نمائندگی کے بعد ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران ذاتی نوعیت کے سوالات کیے جانے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

حال ہی میں میزبان نادیہ خان نے پریشے عدنان سے گفتگو کی، تاہم انٹرویو میں عالمی سطح پر پاکستانی فیشن اور ثقافت کی نمائندگی سے متعلق ان کے کام کے بجائے زیادہ توجہ ذاتی زندگی اور جم کلیکشن سے متعلق معاملات پر مرکوز رہی۔

گفتگو کے دوران نادیہ خان نے سوال کیا کہ کیا پریشے عدنان کے والدین جم کلیکشن کے نسبتاً بولڈ ڈیزائنز پر رضامند ہیں؟ اس پر فیشن ڈیزائنر نے کہا کہ انہیں اپنے والدین کی جانب سے ہمیشہ بھرپور حمایت حاصل رہی ہے۔

پریشے عدنان کا کہنا تھا کہ انہوں نے عالمی سطح پر پاکستانی ثقافت اور اپنے کام کو متعارف کرانے کے بعد جب وطن واپسی کی تو ان سے ان کے تخلیقی کام کے بجائے جم ویئر اور سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی فٹنس ریلز سے متعلق سوالات کیے گئے۔

فیشن ڈیزائنر نے ان سوالات کو اپنے پیشہ ورانہ کام کے مقابلے میں غیر متعلقہ قرار دیتے ہوئے انٹرویو کے موضوعات پر ناراضی کا اظہار کیا۔

پریشے عدنان کے مؤقف کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی پذیرائی ملی، جبکہ اداکار یاسر حسین نے بھی انٹرویو میں زیرِ بحث لائے گئے موضوعات پر سوال اٹھاتے ہوئے انٹرویو لینے والوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔