پینٹاگون معلومات لیک کیس، جوائنٹ اسٹاف کے 50 اہلکاروں کے پولی گراف ٹیسٹ

امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون سے حساس معلومات افشا ہونے کے معاملے کی تحقیقات کے دوران جوائنٹ اسٹاف کے تقریباً 50 افسران اور اہلکاروں کے پولی گراف ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق تحقیقات اس وقت مزید وسیع کردی گئیں جب امریکی فوج کے اہم ہتھیاروں اور گولہ بارود کے ذخائر میں کمی سے متعلق حساس معلومات منظر عام پر آئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جوائنٹ اسٹاف میں تقریباً 2 ہزار افراد خدمات انجام دیتے ہیں، تاہم امریکی جدید تاریخ میں خفیہ معلومات کے ممکنہ اخراج کی تحقیقات کے لیے اتنے بڑے پیمانے پر پولی گراف ٹیسٹ کرانے کی کوئی نمایاں مثال سامنے نہیں آتی۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق پینٹاگون کے اندر اس معاملے کے بعد اعتماد کی کمی اور شکوک و شبہات کی فضا مزید گہری ہوگئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کی قیادت میں ادارے کے اندر یہ صورتحال مزید نمایاں ہوئی۔

پینٹاگون کا مؤقف ہے کہ حساس اور خفیہ معلومات کی حفاظت امریکی فوجیوں کی جان و سلامتی اور قومی دفاع کے لیے انتہائی اہم ہے، اسی لیے لیک ہونے والے مواد کی تحقیقات کو سنجیدگی سے آگے بڑھایا جارہا ہے۔