پشاور ہائیکورٹ کے 4 ججز نے مستقل جج کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا
پشاور ہائیکورٹ کے چار ججز نے مستقل جج کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا، جس کے بعد وہ باقاعدہ طور پر عدالتِ عالیہ کے مستقل ججز بن گئے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق حلف برداری کی تقریب پشاور ہائیکورٹ میں منعقد ہوئی، جہاں چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے چاروں ججز سے حلف لیا۔
مستقل جج کا حلف اٹھانے والوں میں جسٹس فرح جمشید، جسٹس ثابت اللہ، جسٹس انعام خان اور جسٹس اورنگزیب خان شامل ہیں۔
حلف برداری کے بعد چاروں ججز نے پشاور ہائیکورٹ میں مستقل جج کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
تقریب میں پشاور ہائیکورٹ کے دیگر ججز، عدالتی افسران اور وکلاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا شاہ فیصل اتمانخیل اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل ثناء اللہ بھی موجود تھے۔
اس کے علاوہ ہائیکورٹ بار کے صدر امین الرحمن یوسفزئی، خیبرپختونخوا بار کونسل کے ارکان اور متعدد سینئر وکلاء نے بھی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی۔