یوم عاشورہ کے موقع پر 9 اور 10 محرم الحرام کو پشاور میں موبائل سروس بند کرنے کا مراسلہ جاری
پشاور (پاک لینز).خیبر پختونخوا پولیس نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے صوبہ بھر میں سیکیورٹی انتظامات کا جامع منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں 9 اور 10 محرم کو بعض حساس علاقوں میں جزوی طور پر موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کی سفارش کرتے ہوئے محکمہ داخلہ کو باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی جائزہ رپورٹ، جو آئی جی خیبر پختونخوا کی ہدایات پر مرتب کی گئی، میں متعدد اضلاع کو ہائی الرٹ قرار دینے کی تجویز دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پشاور، کوہاٹ، ہنگو، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، بنوں، لکی مروت اور ضلع کرم کو انتہائی حساس اضلاع کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ مزید چھ اضلاع کو حساس قرار دیا گیا ہے جہاں محرم کے دوران جلوسوں اور مجالس کی حفاظت کے لیے اضافی سیکیورٹی اقدامات نافذ کیے جائیں گے۔
پولیس حکام کے مطابق صوبے کے 14 اضلاع میں محرم کی سیکیورٹی کے لیے 43 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ حساس علاقوں میں پولیس کی معاونت کے لیے فرنٹیئر کانسٹیبلری کے دستے بھی موجود ہوں گے جبکہ ضرورت پڑنے پر پاک فوج کا تعاون بھی حاصل رہے گا۔
سیکیورٹی پلان کے تحت جلوسوں کے راستوں کی فضائی نگرانی ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز کے ذریعے کی جائے گی۔ اس کے ساتھ حساس اضلاع میں اینٹی ڈرون نظام بھی فعال رکھا جائے گا تاکہ کسی بھی مشتبہ فضائی سرگرمی کو بروقت روکا جا سکے۔
پولیس نے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ماتمی انجمنوں، منتظمین اور علمائے کرام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور ضابطۂ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔