پیٹرول ریلیف اسکیم پر حکومت اور ڈیلرز میں اتفاق
پیٹرول ریلیف اسکیم کے معاملے پر حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں، جس کے بعد پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ریلیف پیکیج پر عملدرآمد شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کے دوران حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز کے درمیان ادائیگیوں کے طریقہ کار سمیت دیگر معاملات پر اتفاق رائے ہوگیا۔ طے پانے والے طریقہ کار کے تحت اسٹیٹ بینک ادائیگیوں کا ضامن ہوگا جبکہ ریلیف کی رقم دو روز کے اندر پیٹرولیم ڈیلرز کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق اجلاس میں پیٹرول ریلیف اسکیم کے مالیاتی نظام پر تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے درمیان اتفاق ہوگیا ہے۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات مثبت رہے اور اب ڈیلرز ریلیف پیکیج پر عملدرآمد کے لیے اقدامات شروع کر رہے ہیں۔
ایسوسی ایشن کے مطابق ادائیگیوں کے طریقہ کار سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جلد جاری کیا جائے گا، جبکہ رقم اسٹیٹ بینک کے ذریعے ڈیلرز کے اکاؤنٹس میں منتقل کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔
اجلاس میں وزیر پیٹرولیم نے مستقبل میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے عمل کو مزید مؤثر اور بہتر بنانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔