پیٹرولیم لیوی کے خاتمے پر وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی کی ملاقات متوقع
نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور لیوی کے معاملے پر آئندہ دو روز کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کے درمیان ملاقات متوقع ہے۔
لیاقت بلوچ کے مطابق وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور حافظ نعیم الرحمان کی مجوزہ ملاقات کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
نائب امیر جماعت اسلامی نے بتایا کہ پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر قائم حکومتی کمیٹی کے ارکان وزیراعظم کو اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسی سلسلے میں آئندہ دو دن کے اندر وزیراعظم اور امیر جماعت اسلامی کی ملاقات ہوگی۔
لیاقت بلوچ کے مطابق حافظ نعیم الرحمان وزیراعظم سے ملاقات کے دوران پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کا مطالبہ پیش کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی پیٹرولیم لیوی کے مکمل خاتمے کی خواہاں ہے۔