پی آئی اے کی فضائی میزبان کو موبائل فونز کی مبینہ اسمگلنگ پر شوکاز نوٹس جاری
پی آئی اے کی فضائی میزبان سمیرا آفتاب کے خلاف ٹورنٹو سے کراچی آنے والی پرواز میں مبینہ طور پر موبائل فونز کی اسمگلنگ کے معاملے پر تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے فضائی میزبان کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔ یہ کارروائی کراچی ایئرپورٹ پر فضائی میزبان کے مبینہ طور پر قیمتی موبائل فونز کے ساتھ پکڑے جانے کی اطلاع کے بعد عمل میں آئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون فضائی میزبان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فونز اور اسمارٹ واچز برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ بعض اسمارٹ واچز مبینہ طور پر پی آئی اے کی جانب سے فراہم کردہ ایک کیپ کے اندر چھپائی گئی تھیں۔
پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق اس واقعے سے قومی ایئرلائن کی ساکھ متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوا، جس کے باعث معاملے میں محکمانہ کارروائی شروع کی گئی۔
ذرائع کے مطابق فضائی میزبان کو شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرانے کا موقع دیا گیا ہے۔ اگر ان کی وضاحت انتظامیہ کے لیے غیر تسلی بخش قرار پائی تو ملازمت سے برطرفی سمیت مزید کارروائی پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔