پمز ہسپتال کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی کی سفارش، بورڈ آف گورنرز کے ماتحت کام کرے گا

اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال کے نظام میں بہتری لانے کے لیے وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ ادارے کو بورڈ آف گورنرز کے تحت چلایا جائے۔ تجویز کے مطابق بورڈ کے ارکان تین سال کی مدت کے لیے تعینات ہوں گے۔

پمز میں اصلاحات سے متعلق کمیٹی کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ہسپتال کے انتظامی امور، طبی خدمات اور گورننس کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں مجوزہ اصلاحات پر عمل درآمد کے لیے درکار قانونی اور انتظامی ڈھانچے کا بھی جائزہ لیا گیا۔

کمیٹی کی سفارشات کے مطابق پمز کے لیے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کی تقرری مارکیٹ سے کی جا سکے گی، تاکہ ادارے کے انتظامی معاملات کو مؤثر انداز میں چلانے کے لیے موزوں قیادت کا انتخاب کیا جا سکے۔

کمیٹی کی تجاویز وزیراعظم کی منظوری کے لیے پیش کی جائیں گی۔ منظوری ملنے کے بعد پمز کے نئے گورننس نظام کو عملی شکل دینے کے لیے متعلقہ قانونی مسودہ تیار کیا جائے گا۔

مجوزہ اصلاحات کا مقصد ہسپتال کے انتظامی نظام کو بہتر بنانا اور طبی خدمات کی فراہمی کو مؤثر بنانے کے لیے ایک واضح قانونی و انتظامی فریم ورک تشکیل دینا ہے۔