وزیراعظم سے ملاقات کے لیے اپوزیشن کی تیسرے مقام کی شرط مسترد، رانا ثنا اللہ
حکومت نے وزیراعظم سے ملاقات کے لیے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی جانب سے کسی متبادل مقام کی تجویز قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے واضح کیا ہے کہ یہ ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہی ہوگی۔
نجی ٹی وی چینل سما سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ محمود خان اچکزئی کی کسی تیسرے مقام پر ملاقات کرنے کی شرط منظور نہیں کی جا سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس کسی فرد کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ ریاست کی ملکیت ہے۔
رانا ثنا اللہ نے الیکشن کمیشن میں تقرریوں کے معاملے پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ اپوزیشن کو اس حوالے سے دو خطوط بھیجے جا چکے ہیں، تاہم وزیراعظم اب بھی جواب کے منتظر ہیں۔
انہوں نے پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کے امکان پر کہا کہ بات چیت ہو سکتی ہے، لیکن اس کے لیے غیر مشروط آمادگی ضروری ہے۔ ان کے مطابق ایمرجنسی واپس لینے کو مذاکرات کی پیشگی شرط بنا کر بات چیت نہیں کی جا سکتی۔
رانا ثنا اللہ کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ماضی میں مذاکرات کو مناسب موقع ہی نہیں دیا، تاہم غیر مشروط مذاکرات کی گنجائش موجود ہے۔