وزیراعظم شہباز شریف سے ایران کے وزیر صنعت، کان کنی و تجارت سید محمد اتابک کی قیادت میں چھ رکنی وفدکی ملاقات
وزیراعظم شہباز شریف سے ایران کے وزیر صنعت، کان کنی و تجارت سید محمد اتابک کی قیادت میں چھ رکنی وفد نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے باہمی تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف حاصل کیا جا سکے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ خوراک، زرعی اجناس اور دیگر تجارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے سے دونوں ممالک کو اقتصادی فوائد حاصل ہوں گے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حال ہی میں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے ساتھ ان کی مثبت اور تعمیری گفتگو ہوئی، جبکہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
دونوں فریقین نے سرحدی آمدورفت کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بارڈر کراسنگ سہولیات میں بہتری، بہتر لاجسٹکس، کسٹمز نظام میں ہم آہنگی اور کان کنی کے شعبے، بالخصوص قیمتی پتھروں کی پراسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
وزیراعظم نے ملاقات کے دوران ایران کی اعلیٰ قیادت، آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای اور صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
ایرانی وزیر سید محمد اتابک نے پاکستانی حکومت کی میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران، پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو بھی سراہا اور بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان مجوزہ آزاد تجارتی معاہدے (فری ٹریڈ ایگریمنٹ) پر تکنیکی سطح پر بات چیت جاری ہے۔