وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر پشاور پہنچ گئے
وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر پشاور پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ امن و امان کی صورتِ حال اور صوبے سے متعلق اہم امور پر منعقدہ اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔
روزنامہ جنگ کی رپورٹ کے مطابق وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ پشاور پہنچے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اپنے دورے کے دوران اپیکس کمیٹی سمیت مختلف اہم اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔ ان اجلاسوں میں خیبرپختونخوا میں امن و امان کی موجودہ صورتِ حال اور دیگر معاملات کے حوالے سے انہیں تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق گورنر ہاؤس پشاور میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس بھی منعقد ہوگا، جس میں صوبے کو درپیش اہم امور کا جائزہ لیا جائے گا۔
دورے کے دوران خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتِ حال اور حالیہ پیش رفت پر بھی غور کیا جائے گا۔